قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے آئی سی سی ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں پانچ درجے ترقی کرتے ہوئے دوبارہ ٹاپ 10 میں جگہ بنا لی۔
تازہ ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق بابر اعظم 15ویں سے 10ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے مجموعی طور پر 193 رنز اسکور کیے اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف عمدہ کارکردگی نے بابر اعظم کو رینکنگ میں نمایاں بہتری دلائی اور وہ ایک بار پھر دنیا کے ٹاپ 10 ٹیسٹ بلے بازوں میں شامل ہوگئے ہیں۔
بابر اعظم ستمبر 2024 میں ٹیسٹ بیٹنگ کی ٹاپ 10 رینکنگ سے باہر ہوگئے تھے، تاہم حالیہ کارکردگی کے بعد انہوں نے ایک مرتبہ پھر عالمی درجہ بندی میں اپنی پوزیشن مستحکم کرلی ہے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم کی ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین رینکنگ دوسری پوزیشن رہی ہے، جو انہوں نے دسمبر 2022 میں انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے دوران حاصل کی تھی۔








