اسلام آباد میں حکمران اتحاد کی دو بڑی جماعتوں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان اختلافات کے معاملے پر اہم مشاورت ہوئی، پیپلز پارٹی نے واضح کیا ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان بعض معاملات پر اختلافات موجود ہیں جنہیں حل کرنا ضروری ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں ہونے والے مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان اختلافات ہیں، یہ ایک واضح حقیقت ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں اختلافی معاملات پر بات چیت کی گئی ہے، پیپلز پارٹی صرف کورم پورا کرنے کے لیے نہیں آئی بلکہ چاہتی ہے کہ درپیش مسائل کو حل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک مسائل حل نہیں ہوتے، اجلاس نامکمل رہیں گے، اگر دونوں جماعتیں اتحاد کا حصہ ہیں تو ایک دوسرے کے اتحاد کو عزت بھی دینا ہوگی۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما فاروق ایچ نائیک نے مذاکرات کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملاقات اچھے ماحول میں ہوئی اور سب ٹھیک ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ ایشوز کی بات کرتی ہے اور چاہتی ہے کہ مسائل حل ہوں۔ ان کے مطابق دونوں جماعتیں طویل عرصے سے ایک ساتھ کام کررہی ہیں، یہ ملاقات بھی اسی سیاسی رابطے کا حصہ تھی۔
مذاکرات میں مسلم لیگ ن کی جانب سے رانا ثناء اللہ اور طارق فضل چوہدری جبکہ پیپلز پارٹی کی نمائندگی راجا پرویز اشرف اور ضیاء الحسن لنجار نے کی۔
اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اسپیکر قومی اسمبلی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ طلال چوہدری بھی موجود تھے۔
یوں حکمران اتحاد کی دونوں بڑی جماعتوں کے درمیان اختلافات ختم کرنے اور باہمی معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے سیاسی رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔








