وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پوری امت مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ کی آمد سے دنیا سے جہالت اور ظلم کے اندھیرے چھٹ گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اپنے پیغام میں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی دنیا میں تشریف آوری پوری انسانیت کے لیے رحمت، ہدایت اور نور کا پیغام ہے۔ عید میلاد النبی ﷺ مسلمانوں کے لیے عظمت، عقیدت اور سعادت کا دن ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ سیرتِ طیبہ ﷺ پوری انسانیت کے لیے امن، محبت، بھائی چارے اور رواداری کا عملی نمونہ ہے، جبکہ نبی کریم ﷺ نے دنیا کو مساوات، حقوق العباد اور باہمی احترام کا درس دیا۔
انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ نے جن اعلیٰ اخلاقی و معاشرتی اصولوں کی تعلیم دی، خود ان پر عمل کرکے انسانیت کے لیے بہترین عملی مثال قائم فرمائی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہمیں سیرتِ رسول ﷺ سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے معاشرے میں امن، محبت، بھائی چارے، برداشت اور رواداری کو فروغ دینا چاہیے۔








