وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے 12 ربیع الاول، عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر قوم اور اہلِ سندھ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حضور اکرم ﷺ کی ولادتِ باسعادت پوری انسانیت کے لیے رحمت، ہدایت، امن اور محبت کا پیغام ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اپنے خصوصی پیغام میں ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ سیرتِ طیبہ ﷺ زندگی کے ہر شعبے میں ہمارے لیے بہترین رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ نبی کریم ﷺ نے انسانیت کو اخوت، مساوات، عدل، برداشت، رواداری اور حقوق العباد کی پاسداری کا درس دیا۔
انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول ہمیں سیرتِ رسول ﷺ کی تعلیمات کو عملی زندگی میں اپنانے کا پیغام دیتا ہے، جبکہ معاشرے میں محبت، بھائی چارے، برداشت اور امن کا فروغ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وزیر داخلہ سندھ نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے پولیس افسران و اہلکاروں کو جلوسوں، اجتماعات اور محافل کی سیکیورٹی کے لیے مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس، داخلی و خارجی راستوں اور حساس مقامات پر خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں اور سیکیورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
ضیاء الحسن لنجار نے پولیس افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے اور سیکیورٹی انتظامات کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس نفری اور ریزرو فورس کو مکمل تیار رکھا جائے۔
انہوں نے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور جلوسوں کے شرکاء کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کی ہدایت کی۔
وزیر داخلہ سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ امن، نظم و ضبط اور سیکیورٹی ہدایات کی مکمل پابندی کریں۔
انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل ہی ایک پُرامن، متحد اور مستحکم معاشرے کی بنیاد ہے، جبکہ آخر میں انہوں نے پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔








