امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے اثرات عالمی آئل مارکیٹ پر بھی نمایاں ہونے لگے، خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا جبکہ برینٹ خام تیل کے نرخ ہفتے کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 15 سینٹ یعنی 0.2 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد فی بیرل قیمت 95.67 ڈالر ہوگئی۔
امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی بھی 26 سینٹ یعنی 0.3 فیصد مہنگا ہوا اور اس کی قیمت 91.56 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
امریکا ایران کشیدگی اور مشرقِ وسطیٰ سے تیل کی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں کے خدشات نے عالمی مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تشویش بڑھا دی ہے، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں پر دباؤ دیکھا جارہا ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت میں 7.1 فیصد جبکہ ڈبلیو ٹی آئی میں 9.8 فیصد اضافہ ہوا، جو 20 جولائی کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں سب سے بڑا ہفتہ وار اضافہ قرار دیا جارہا ہے۔
ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی برقرار رہنے کی صورت میں تیل کی عالمی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان موجود ہے۔








