لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سندھ حکومت کی بارشوں سے نمٹنے کی کارکردگی پر تنقید کی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کے کسی بھی شہر میں بارش ہوتی ہے تو انتظامیہ چند گھنٹوں میں پانی کی نکاسی یقینی بناتی ہے، جبکہ سندھ میں زیادہ بارش کے بعد کئی کئی روز تک پانی کھڑا رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور، گجرات اور راولپنڈی میں رواں سیزن تاریخ کی سب سے زیادہ بارشیں ہوئیں، تاہم راولپنڈی میں انتظامیہ نے دنوں نہیں بلکہ چند گھنٹوں میں بارشی پانی کلیئر کیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ میڈیا خود دیکھ رہا ہے کہ بارش کے دوران کون سی حکومت متحرک رہتی ہے اور کون سی حکومت بارش کا پانی دیکھ کر غائب ہوجاتی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہر سال بارشوں کے موسم میں کراچی ڈوب جاتا ہے، لیکن 17 سال سے حکومت کرنے والی سندھ حکومت اس معاملے پر نہیں جاگتی۔
انہوں نے شرجیل میمن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے، جبکہ 17 سال بعد بھی اپنی ناکامیوں کا ملبہ دوسروں پر ڈالنے کی عادت ختم نہیں ہوئی۔








