واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ روس امریکا اور عالمی منڈی کو فوری طور پر 3 لاکھ ٹن سے زائد ڈیزل فراہم کرے گا، جبکہ نومبر میں مزید 5 لاکھ ٹن اور اس کے بعد مزید 10 لاکھ ٹن ڈیزل کی فراہمی متوقع ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ٹیلی فون پر انتہائی کامیاب گفتگو ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیزل کی قیمتیں ریکارڈ بلند سطح پر پہنچنے کے بعد جلد نمایاں طور پر کم ہوجائیں گی، جبکہ قیمتوں کے حوالے سے وہ بہت جلد مزید اعلان کریں گے۔
دوسری جانب روسی صدارتی دفتر کریملن کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی گفتگو میں یوکرین بحران، امن مذاکرات کی بحالی اور ایران کی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق صدر پیوٹن نے یوکرین تنازع کے حل کے لیے امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے وقت پر غور کرنے کی بات کی، جبکہ صدر ٹرمپ نے ایران سے متعلق تنازع کے حل میں روس کے کردار کو سراہا۔
روسی صدارتی دفتر کے مطابق پیوٹن نے اس امکان کا بھی ذکر کیا کہ امریکی منڈی میں روسی تیل کی فراہمی عالمی معیشت پر مثبت اثرات مرتب کرسکتی ہے۔
مزید برآں، کریملن کا کہنا ہے کہ دونوں صدور نومبر میں چین میں ہونے والی سربراہی کانفرنس میں شرکت کے خواہش مند ہیں۔








