کراچی: ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں ترقیاتی منصوبے اور عوامی فلاح کے اقدامات جماعت اسلامی کو ہضم نہیں ہو رہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سعدیہ جاوید کا کہنا تھا کہ حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی ملک بھر میں محدود ہوکر رہ گئی ہے، جبکہ دھرنوں کا اعلان کرکے واپس لینا ان کی سیاست کا حصہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام نے بلدیاتی اور عام انتخابات میں پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا۔
ترجمان سندھ حکومت نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کے بنیادی ڈھانچے، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں نمایاں کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام غریبوں کی مدد کے لیے ہے، اسے بھکاری کہنا مستحق خواتین کی توہین ہے۔
سعدیہ جاوید نے جماعت اسلامی کو تنقید کے بجائے عوامی خدمت پر توجہ دینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام منفی سیاست کو مسترد کرچکے ہیں۔








