امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیزل کی قیمتوں میں جلد بڑی کمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے جلد اہم اعلان کریں گے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ عالمی منڈی میں ایندھن کی ریکارڈ بلند قیمتیں بہت جلد نمایاں طور پر نیچے آجائیں گی اور صورت حال جلد معمول پر آ جائے گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی جلد نمایاں کمی دیکھنے میں آئے گی۔
رپورٹ کے مطابق، ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے ڈیزل کی قیمتوں میں 70 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔ ایندھن کی فراہمی بڑھانے کے لیے ٹرمپ انتظامیہ نے حال ہی میں اتحادی ممالک پر اپنے ہنگامی ذخائر جاری کرنے کے لیے دباؤ ڈالا، جبکہ ٹیکس سے مستثنیٰ ڈیزل تک رسائی میں بھی توسیع کی گئی۔
ایران اور یوکرین کی جنگوں کے باعث عالمی سطح پر ایندھن کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، جس سے قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔
امریکی آٹوموبائل ایسوسی ایشن (اے اے اے) کے مطابق، جمعرات کو امریکا میں ڈیزل کی اوسط قیمت 6.28 ڈالر فی گیلن ریکارڈ کی گئی۔








