وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ 27 تاریخ کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ ہوگا اور اس مرتبہ 20 لاکھ کے بجائے 40 لاکھ افراد کو ساتھ لانے کی کوشش کی جائے گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ہنگو میں اسٹریٹ موومنٹ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے سے متعلق عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر حکومت اور انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے علاج سے متعلق تین ججز کے فیصلے پر عمل نہ کرکے عدالتی احکامات کو نظرانداز کیا گیا۔ ان کے بقول ایک ہی ملک میں طاقتور اور کمزور کے لیے الگ الگ قانون نہیں ہونا چاہیے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ اگر عدالتیں طاقتور افراد کو قانون کے کٹہرے میں نہیں لاسکتیں تو کمزور قیدیوں کے معاملات میں بھی انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جدوجہد کا مقصد ملک میں قانون کی یکساں حکمرانی قائم کرنا ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ملک میں کسان، صنعت کار اور نوجوان مشکلات کا شکار ہیں، اس لیے نوجوانوں کو اپنے مستقبل کے لیے کھڑا ہونا ہوگا۔ انہوں نے پی ٹی آئی خواتین کے ساتھ مبینہ بدسلوکی پر بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی بہنوں کے ساتھ ہونے والی مبینہ بے توقیری کو فراموش نہیں کیا جائے گا اور پارٹی کارکن ان کے ایک ایک آنسو کا حساب لینے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔








