امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کے درمیان لفظی محاذ مزید شدت اختیار کر گیا، دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے بیانات پر سخت ردعمل دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایران کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایران مکمل تباہی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ امریکی صدر نے قالیباف سے منسوب ایک بیان بھی شیئر کیا، جس میں ایران میں خوراک کی قلت اور جنگ جاری رکھنے کی مشکلات کا ذکر کیا گیا تھا۔
دوسری جانب ایرانی اسپیکر محمد باقر قالیباف نے ٹرمپ کے بیان کا طنزیہ جواب دیتے ہوئے امریکی صدر کے معروف انتخابی نعرے ’’Make America Great Again‘‘ کو تبدیل کرکے ’’Make America Hungry Again‘‘ لکھ دیا۔
رپورٹ کے مطابق قالیباف نے دعویٰ کیا کہ امریکا میں 4 کروڑ 70 لاکھ افراد غذائی کمی کا شکار ہیں اور ہر آٹھ میں سے ایک امریکی شہری کو غذائی عدم تحفظ کا سامنا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے میڈیا سینٹر نے ٹرمپ پر قالیباف کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنے کا الزام عائد کیا۔ ایرانی حکام کے مطابق قالیباف عراق کے دورے کے دوران ایران اور عراق کے معاشی تعاون، امریکی پابندیوں کے مقابلے اور اقتصادی جنگ سے متعلق گفتگو کر رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ قالیباف نے اپنی تقریر میں ایران کی فوجی جنگ میں امریکا کے خلاف کامیابی کا دعویٰ کیا تھا اور کہا تھا کہ واشنگٹن اب ذہنی اور اقتصادی جنگ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ایرانی حکام نے کہا کہ قالیباف کی مکمل تقریر کی ویڈیو بھی دستیاب ہے۔








