ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی دعوت پر اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ آئندہ 36 گھنٹوں کے دوران پاکستان کے دورے کا امکان ہے اور اس دوران حکام سےملاقاتوں میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر پیش رفت اور مؤثر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا-
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کے دورہ پاکستان کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات متوقع ہیں۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، خصوصاً پاک۔ایران سرحد کے انتظام، سرحدی سلامتی، غیر قانونی آمدورفت کی روک تھام اور دوطرفہ تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر پیش رفت اور اس پر مؤثر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا دونوں فریق سرحدی تعاون، انسداد دہشت گردی، انٹیلی جنس کے تبادلے اور علاقائی سلامتی سے متعلق معاملات پر بھی مشاورت کریں گے۔








