گلگت بلتستان کے ضلع روندو میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سیلابی ریلے سے طورمک اور دُوسنہ کے درمیان واقع ملاں پل بہہ گیا، جبکہ متعدد علاقوں میں آمد و رفت شدید متاثر ہوئی ہے۔
موسمیاتی تبدیلی کے باعث شمالی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں۔
یہی صورتحال روندو میں سیلابی ریلے کا سبب بنی، جس سے رابطہ سڑکوں، پلوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث 12 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 6 مرد، 5 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 8 مرد، 2 خواتین اور 5 بچے شامل ہیں۔
بارشوں اور فلیش فلڈ سے 14 مکانات بھی متاثر ہوئے، جن میں ایک مکان مکمل طور پر تباہ جبکہ 13 کو جزوی نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پشاور، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، لوئر چترال، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر اور کرم میں جانی و مالی نقصان ہوا۔
متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کوامدادی سامان کی فوری فراہمی اورامدادی سرگرمیاں تیزکرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
صوبے کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح اور بہاؤ معمول کے مطابق ہے، صوبے میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ 23 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔








