امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کی کارکردگی اور معاملات کو عوام کے سامنے بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے، جبکہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے احتجاج بھی جاری رہے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے منعم ظفر نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس کے باہر جلسے میں بڑی تعداد میں شہریوں کی شرکت پر اہل کراچی کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور ٹیکسز نے مزدور سمیت عام آدمی کی مشکلات بڑھا دی ہیں، جبکہ حکمران اپنے شاہانہ طرزِ زندگی میں کمی لانے کو تیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا دھرنا اب عوام کی آواز بن چکا ہے۔ سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نہ صرف کرپشن کے الزامات کی زد میں ہے بلکہ شہری مسائل حل کرنے میں بھی ناکام رہی ہے۔
منعم ظفر نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ کریم آباد اور منور چورنگی انڈرپاس سمیت مختلف منصوبوں کی تکمیل کی تاریخیں بارہا دی گئیں، مگر مسائل برقرار ہیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ ریڈ لائن منصوبہ کب مکمل ہوگا اور گرین لائن سمیت دیگر منصوبوں میں تاخیر کی ذمہ داری کون لے گا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ شہر کی سڑکوں، ٹریفک اور ترقیاتی منصوبوں کی صورتحال پر شہریوں میں شدید تشویش ہے۔ جماعت اسلامی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور مسائل کے حل تک اپنی جدوجہد اور مزاحمت جاری رکھے گی۔








