کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کا بچہ بھی ہمارا ہے اور تھر کا بچہ بھی، بچوں کے درمیان تفریق کی سیاست مزید قابل قبول نہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق شرجیل میمن نے الزام عائد کیا کہ ایم کیو ایم نے ذاتی اور سیاسی مفادات کے لیے کراچی کے نوجوانوں کو اسلحے، بھتے اور تشدد کے کلچر کی جانب دھکیلا۔ ان کا کہنا تھا کہ فاروق ستار بتائیں کراچی کے بچوں کو اسلحہ اور بوری بند لاشوں کی سیاست کس نے دی؟
سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ تین دہائیوں تک فاروق ستار جیسے رہنماؤں نے تعصب پر مبنی سیاست کو فروغ دیا، تاہم اب ’’اپنے بچے اور دوسروں کے بچے‘‘ کی تقسیم والی سیاست نہیں چلے گی۔
ایم ڈی کیٹ سے متعلق شرجیل میمن نے کہا کہ اگر بے ضابطگیوں کے کوئی ثبوت موجود ہیں تو انہیں سامنے لایا جائے،
محض الزامات کی بنیاد پر کسی طالب علم کی کامیابی کو مشکوک نہیں بنایا جاسکتا۔
انہوں نے ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کو ایم ڈی کیٹ نتائج سے جوڑنے کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں معاملات کو باہم منسلک کرنا غیر منطقی مؤقف ہے۔








