بلوچستان کے ضلع بارکھان میں دہشت گردوں نے پولیس موبائل کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی بارکھان مرید بگٹی شہید ہو گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس حکام کے کا کہنا ہے کہ حملہ بارکھان کے علاقے کھٹہ چوکی کے قریب اس وقت کیا گیا جب پولیس کی گاڑی معمول کی ڈیوٹی پر گشت کر رہی تھی۔ اچانک مسلح افراد نے پولیس موبائل پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے ڈی ایس پی مرید بگٹی شدید زخمی ہوئے اور موقع پر ہی جامِ شہادت نوش کر گئے۔
ایس پی بارکھان عبدالحق نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے کے فوراً بعد پولیس، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات بھی جاری ہیں۔
سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا اور امن خراب کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔








