کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے کے نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرکے انہیں ترقی کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، حکومت نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے بھرپور معاونت کرے گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت سنبھالنے کے بعد محسوس کیا کہ نوجوانوں اور ریاست کے درمیان ایک فاصلہ موجود ہے، جسے ختم کرنے کے لیے حکومت نے سماجی تنظیموں کے تعاون سے مختلف منصوبوں کا آغاز کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب نوجوانوں کی کامیابی اور ان کی صلاحیتوں کے اعتراف کا موقع ہے۔ حکومت نوجوانوں کو جدید ہنر سکھانے کے ساتھ ساتھ مالی معاونت بھی فراہم کرے گی اور آئندہ تین سے چار سال تک ان کی مدد جاری رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی بچیوں کا ہاتھ تھام کر انہیں منزل تک پہنچائیں گے، دہشت گردی ہماری بچیوں کا مستقبل نہیں۔
ان کے مطابق دہشت گرد اور اسمگلر ماضی میں نوجوانوں کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرتے رہے اور بعض نوجوانوں کو خودکش کارروائیوں کی جانب دھکیلا گیا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو غیر قانونی سرگرمیوں کے بجائے قانونی اور مثبت راستوں پر آگے بڑھنا ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ نوجوان اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے معاشی طور پر خودمختار ہوں۔
انہوں نے خواتین کی ترقی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ بلوچستان کی خواتین آگے بڑھیں اور بااختیار بنیں، کیونکہ خواتین ترقی کریں گی تو ان کے بھائی اور دیگر نوجوان بھی آگے بڑھنے کے مواقع حاصل کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان حکومت کے اقدامات کو عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔ نوجوان اپنی محنت اور ہنر کے ذریعے اپنے مستقبل کو بہتر بنائیں، حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔








