کوئٹہ: عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ معاشرے کی تعمیر، نئی نسل کی کردار سازی اور صوبے کے مستقبل کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت اساتذہ کے پیشہ ورانہ وقار میں اضافے اور انہیں بہتر تدریسی ماحول کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی، جبکہ ہر بچے تک معیاری تعلیم کی رسائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
سرفراز بگٹی کے مطابق گزشتہ دو برس میں بلوچستان میں 7 لاکھ 86 ہزار سے زائد بچوں کو تعلیمی نظام کا حصہ بنایا گیا، جبکہ 15 ہزار سے زائد اساتذہ میرٹ پر بھرتی کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بلوچستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے کمیونٹی اسکولوں کے ذریعے ایک لاکھ 54 ہزار بچوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کیے گئے، جبکہ غیر فعال اسکولوں کی بحالی سے 95 ہزار سے زائد بچے دوبارہ تعلیمی نظام میں شامل ہوئے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق مزید 1800 اسکولوں کے قیام پر کام جاری ہے، جبکہ پی ٹی ایس ایم سی منصوبے کے تحت 2 ہزار اسکولوں میں 3 ہزار 640 نئے کلاس رومز تعمیر کیے جائیں گے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کا مستقبل بچوں سے وابستہ ہے، اس لیے تعلیم اور اساتذہ پر سرمایہ کاری دراصل صوبے کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔








