امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی بحریہ نے آبنائے ہرمز کے بین الاقوامی پانیوں میں موجود تمام بارودی سرنگیں یا تو ہٹا دی ہیں یا انہیں دھماکے سے تباہ کردیا ہے۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان میں کہا کہ امریکی بحریہ نے انہیں آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے پاک کیے جانے سے آگاہ کیا ہے۔
ان کے مطابق امریکا نے ایران کو واضح کردیا ہے کہ اگر کوئی جہاز یا کشتی دوبارہ بارودی سرنگیں بچھانے کی کوشش کرے گی تو اسے فوری طور پر تباہ کردیا جائے گا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کے ایک ایک حصے کی نگرانی امریکی اسپیس فورس کے ذریعے کی جارہی ہے، جبکہ بارودی سرنگیں بچھانے کے معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ ہے۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت اور عالمی توانائی کی ترسیل خطے میں جاری کشیدگی کے باعث شدید متاثر ہوئی ہے۔








