کرک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا لانگ مارچ لکی مروت سے ہوتا ہوا کرک پہنچ گیا۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پشاور سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے لکی مروت پہنچے، جہاں کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کرک میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے مفاد کے خلاف بند کمروں میں بنائی جانے والی کوئی پالیسی قبول نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں صوبے میں امن تھا، جبکہ موجودہ وفاقی حکومت کی پالیسیوں کے باعث دہشت گردی میں کمی کے بجائے اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی پیش کردہ پالیسی پر عملدرآمد سے 100 دن میں امن قائم کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عوام کی طاقت سے نکلی ہے اور لانگ مارچ کے دوران ہر روز آئندہ کا پلان دیا جائے گا۔
سہیل آفریدی کے مطابق لانگ مارچ کا قافلہ آج رات کرک میں قیام کرے گا اور کل دوبارہ سفر کا آغاز کیا جائے گا۔








