کراچی: سندھ حکومت اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے درمیان ہنگامی اجلاس میں آٹے کی فی کلو قیمت میں 6 روپے کمی کرنے پر اتفاق ہوگیا، جس کے بعد آٹے کی ایکس مل قیمت 161 روپے سے کم کرکے 155 روپے فی کلو مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر خوراک سندھ مخدوم محبوب الزمان کی زیر صدارت فلور ملز ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمشنر کراچی اور سیکریٹری خوراک غلام عباس نائچ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں آٹے کی قیمتوں میں اچانک اضافے اور اس کے عوام پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ فلور ملز کی جانب سے صرف ایک روز میں آٹے کی قیمت میں 15 سے 16 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا، جس پر وزیراعلیٰ سندھ اور چیف سیکریٹری نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمتوں میں اس قدر اچانک اضافہ قابل تشویش ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب صوبے میں گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے۔
صوبائی وزیر کے مطابق سندھ حکومت نے محکمہ زراعت کے ذریعے گندم کے کاشتکاروں کو 76 ارب 50 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کی ہے۔ اس کے باوجود آٹے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کا معاملہ قابل غور ہے۔
اجلاس میں مشاورت کے بعد آٹے کی ایکس مل قیمت 161 روپے سے کم کرکے 155 روپے فی کلو کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد آٹے کی قیمتوں میں اضافے کو روکنا اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔








