کراچی: وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی کوششوں سے کراچی بندرگاہ سے یورپ کیلئے براہ راست ہفتہ وار شپنگ سروس بحال ہوگئی، جس کے بعد پاکستان کا 7 یورپی بندرگاہوں سے براہ راست شپنگ رابطہ دوبارہ قائم ہوگیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر بحری امور کے مطابق ایم ایس سی نے پریمیم آئی پاک سروس دوبارہ شروع کردی ہے، جس کے تحت کراچی گیٹ وے ٹرمینل سے یورپ کیلئے ہفتہ وار براہ راست شپنگ رابطہ بحال ہوا ہے۔
جنید انوار چوہدری کا کہنا ہے کہ براہ راست شپنگ سروس کی بحالی سے برآمدی صنعت کو ریلیف ملے گا اور ٹیکسٹائل سمیت دیگر پاکستانی برآمدی سامان کی یورپی منڈیوں تک ترسیل مزید بہتر اور مؤثر ہوگی۔
وفاقی وزیر نے سروس کی بحالی میں کردار ادا کرنے پر کے پی ٹی چیئرمین اور کراچی گیٹ وے ٹرمینل لمیٹڈ کی انتظامیہ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔








