LogoMonday, June, 8, 2026

News Point PK

کراچی میں پانی کی قلت سنگین، قیوم آباد میں شدید احتجاج، شہری رل گئے

کراچی میں پانی کی قلت سنگین، قیوم آباد میں شدید احتجاج، شہری رل گئے

ویب ڈیسک

05-Jun-2026
|

کورٹ|کرائم

کراچی میں پانی کی قلت سنگین، قیوم آباد میں شدید احتجاج، شہری رل گئے

قیوم آباد چورنگی پر علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے پانی کی عدم فراہمی پر احتجاجاً سڑک بند کردی جس کے سبب ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں، چورنگی سے ملحقہ تمام سڑکوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، شدید گرمی میں گاڑیوں میں پھنسے ہزاروں شہری بری طرح رُل گئے، پبلک ٹرانسپورٹ میں بیٹھے لوگ اتر کر پیدل گھروں کو چلے گئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کورنگی قیوم آباد کے مختلف بلاکس اے، بی اور سی سمیت ملحقہ علاقوں کے مکینوں کی بڑی تعداد نے جمعہ کی دوپہر پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج کرتے ہوئے قیوم آباد چورنگی پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک معطل کر دیا اور واٹر کارپوریشن کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ساڑھے چار گھنٹے تک سڑک بند کیے بیٹھے رہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے علاقوں میں گزشتہ 4 ماہ سے پانی کی فراہمی معطل ہے جس کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے اور پانی خریدنا پڑرہا ہے جو ہم غریبوں پر اضافی بوجھ ہے، لائنوں میں گندا، غلیظ اور کیمیکل ملا پانی آتا ہے وہ ہمارے کس کام کا نہیں! لیکن حکمران اپنی مستی میں مست ہیں انھیں اس بات سے کوئی سروکار نہیں کہ عوام زندگی کی بنیادی سہولتوں کے حصول میں کس حد تک پریشان ہے لیکن مجال ہے کہ ان کے کان پر جوں تک رینگ جائے۔

رپورٹ کے مطابق علاقائی سطح کے نمائندوں نے مظاہرین سے خطاب بھی کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ واٹر کارپوریشن حکام کے جانب سے پیغام آیا ہے کہ احتجاج ختم کر دو کل سے پانی آجائے گا لیکن اب ایسا نہیں چلے گا، واٹر کارپوریشن کے عملے کو قیوم آباد چورنگی پر آنا پڑے گا اور اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ علاقے کو مستقل بنیاد پر پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، جھوٹی یقین دہانیوں کا وقت گزر چکا۔

مظاہرین نے میئر کراچی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قیوم آباد کا علاقہ بھی آپ کا ہے ہم پر بھی تھوڑا رحم کریں۔ مظاہرین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ بچے، نوجوان، مائیں، بہنیں اور بزرگ آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنا آہنی کردار ادا کرتے ہوئے واٹر کارپوریشن کا قبلہ درست کرائیں۔

رپورٹ کے مطابق مظاہرین کی جانب سے پانی کی عدم فراہمی پر کیے گئے احتجاجی مظاہرے کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا جس کے باعث قیوم آباد چورنگی سے متصل بلوچ کالونی ایکسپریس وے سمیت دیگر سڑکوں پر رکاوٹ لگانے سے ٹریفک کی روانی بری طرح سے متاثر ہوگئی۔

بدترین ٹریفک جام میں گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور ان میں پھنسے ہوئے شہری شدید گرمی اور دھوپ کی وجہ سے بری طرح سے رل گئے جبکہ موٹر سائیکل سواروں کی بھی بڑی تعداد پریشانی کے عالم میں راستہ تلاش کرتے ہوئے دکھائی دی۔

احتجاج کی وجہ سے کورنگی ندی سے قیوم آباد چورنگی آنے والا ٹریفک بھی شدید متاثر ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات اور دقت کا سامنا کرنا پڑگیا، احتجاج ساڑھے چار گھںٹوں تک جاری رہا۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے مظاہرین سے بات چیت کرکے احتجاج ختم کرا دیا جس کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے اور ٹریفک کی روانی بھی بحال کرا دی گئی۔

نمایاں خبریں

Still Running Your Business Manually ?

Automate. Scale. Grow with Webrix.

Custom Management Systems
Web & App Development
AI Automation Solutions
Chat on WhatsApp