پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب ہونے والے لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس تحریک کا نام ’’بالقسط‘‘ رکھا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ انہیں نہ کوئی ڈرا سکتا ہے، نہ دبا سکتا ہے اور نہ ہی خریدا جاسکتا ہے، ان کے لیے کرسی اور اقتدار کوئی اہمیت نہیں رکھتے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا ساتھ رول آف لا اور انصاف کی بالادستی کے لیے دیا ہے اور وہ اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے کارکنان اور نوجوانوں سے 27 ستمبر کے لیے بھرپور تیاری کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 20 لاکھ نوجوان اسلام آباد کی جانب نکلیں گے اور وہ خود اس مارچ کی قیادت کریں گے۔
سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ اس بار تحریک اپنے مقاصد حاصل کرکے ہی واپس آئے گی۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ 27 ستمبر کے لیے بھرپور تیاری کریں اور تحریک کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔








