امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف جاری احتجاجی تحریک کو لانگ مارچ میں تبدیل کرنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ 20 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف تاریخی لانگ مارچ کیا جائے گا جس میں ملک بھر سے عوام شرکت کریں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان مذاکرات ناکام ہوچکے ہیں، کیونکہ حکومت کا مؤقف ہے کہ لیوی ختم کرنے کے لیے آمدن کا کوئی متبادل ذریعہ نہیں۔
انہوں نے کارکنوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ حکومت جتنے کنٹینرز لگانے ہیں لگا لے، خواتین اور مرد سب احتجاج میں نکلیں گے۔ حکومت کے پاس صرف ایک راستہ ہے کہ پیٹرولیم لیوی ختم اور غیر ضروری حکومتی اخراجات بند کیے جائیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے خبردار کیا کہ اگر لیوی ختم نہ کی گئی تو حکومت کے خاتمے کی تحریک شروع کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالنے کے بجائے حکمران اپنے اخراجات کم کریں۔
امیر جماعت اسلامی نے آئی ایم ایف اور حکومتی پالیسیوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام مہنگائی کا بوجھ برداشت کررہے ہیں جبکہ حکمران مہنگے سرکاری وسائل استعمال کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی، آئی پی پیز اور ٹیکسوں کے حوالے سے عوام کو مزید بوجھ تلے دبانے کے بجائے ریلیف دینا ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی غصے کو نظرانداز نہ کیا جائے۔20 ستمبر کا اسلام آباد لانگ مارچ حکمرانوں کے لیے بڑا عوامی پیغام ہوگا اور ملک بھر سے لوگ اسلام آباد پہنچیں گے-








