پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے سیاسی سرگرمیوں اور احتجاجی لانگ مارچ کیلئے سرکاری وسائل کے مبینہ استعمال سے متعلق کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے جواب طلب کرلیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی قاری ظاہر کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ 4 اکتوبر کو لانگ مارچ کے آغاز کے موقع پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی مبینہ طور پر سرکاری ہیلی کاپٹر کے ذریعے لکی مروت پہنچے، جو سیاسی سرگرمیوں کیلئے سرکاری وسائل کے استعمال پر عائد عدالتی پابندی کی خلاف ورزی ہے۔
عدالت نے معاملے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ آئندہ کارروائی وزیراعلیٰ کے جواب کی روشنی میں ہوگی۔








