سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 21 ستمبر سے اب تک 33 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج اور دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن شبان کے دوران مزید 5 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج ہلاک ہوئے، جس کے بعد اس آپریشن میں ہلاک ہونے والے خوارج کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران خوارج کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جبکہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن خطرہ مکمل طور پر ختم ہونے تک جاری رہے گا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق نوشکی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کارروائی میں 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں 21 ستمبر سے جاری مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 33 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج اور دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔








