لاہور: پنجاب بھر میں آج سے 15 اکتوبر تک دفعہ 144 نافذ کردی گئی، جس کے تحت عوامی مقامات، شاہراہوں اور کھلی جگہوں پر پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، جلوس، ریلی، جلسے اور دھرنے پر پابندی ہوگی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی مقامات پر ہتھیار رکھنے یا ان کی نمائش کے علاوہ غیرقانونی اجتماعات میں شرکت کیلئے لوگوں کو اکسانے یا ترغیب دینے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین، مساجد اور دیگر عبادت گاہوں پر نہیں ہوگا، جبکہ عدالتیں، سرکاری ادارے اور باقاعدہ اجازت سے ہونے والی تقریبات بھی مستثنیٰ ہوں گی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلیجنس ایجنسیوں اور ڈیوٹی پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کو عوامی اجتماعات پر دہشتگرد حملوں کے ممکنہ خطرات سے متعلق اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جس کے پیش نظر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔








