بھارتی وکٹ کیپر بلے باز سنجو سیمسن نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ویرات کوہلی اور یووراج سنگھ کے ریکارڈز برابر کردیے، تاہم ان کی عمدہ اننگز بھی بھارت کو شکست سے نہ بچا سکی۔
سنجو سیمسن نے محض 41 گیندوں پر 82 رنز اسکور کیے، جس میں 9 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے صرف 21 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کرکے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین ففٹی بنانے والے بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کے ریکارڈ کی برابری کی۔
سیمسن کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے۔ بھارتی ٹیم نے پاور پلے میں ایک وکٹ پر 79 رنز اسکور کیے، جو ویسٹ انڈیز کے خلاف اس فارمیٹ میں بھارت کا بہترین پاور پلے اسکور ہے۔
سنجو سیمسن نے 200 یا اس سے زیادہ کے اسٹرائیک ریٹ سے پانچ نصف سنچریاں بنا کر یووراج سنگھ کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔ اس فہرست میں سوریا کمار یادیو 13 اور ابھیشیک شرما 12 نصف سنچریوں کے ساتھ آگے ہیں۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے 250 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دی اور تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔








