اسلام آباد میں سانحہ پمز کے بعد وفاقی وزارتِ صحت نے سرکاری ہسپتالوں کے انتظامی اور آپریشنل نظام کو ڈیجیٹل بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
وزارتِ صحت کے حکام کے مطابق ہسپتالوں کے موجودہ نظام میں خامیوں کی نشاندہی، انتظامی امور کی نگرانی اور شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے مدد لی جائے گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے چیئرمین پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی ڈاکٹر سہیل منیر سے ملاقات کی، جس میں سرکاری ہسپتالوں کی ڈیجیٹائزیشن اور انتظامی نظام میں ٹیکنالوجی کے استعمال پر مشاورت کی گئی۔
وزارتِ صحت نے ہسپتالوں کی ڈیجیٹائزیشن کے لیے پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی سے تعاون حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ ہسپتالوں کے آپریشنز اور انتظامی امور کو مرحلہ وار ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق سرکاری ہسپتالوں کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ اے آئی ایجنٹس شہریوں کی شکایات سننے، انہیں درج کرنے اور متعلقہ اداروں تک پہنچانے میں معاونت کریں گے۔
ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شکایات کی پیش رفت کی نگرانی اور ان کے بروقت ازالے کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کے انتظامی نظام میں بہتری، شفافیت اور جوابدہی بڑھانے کے ساتھ شہریوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔








