جنوبی افریقا کے سابق اسٹار بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں اپنی جارحانہ بیٹنگ سے ایک بار پھر کرکٹ شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔ جنوبی افریقی چیمپئنز کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے صرف دو میچز میں 181 رنز اسکور کیے اور 16 چھکے لگائے۔
ویسٹ انڈیز چیمپئنز کے خلاف پہلے میچ میں ڈی ویلیئرز نے 39 گیندوں پر 70 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 4 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔
دوسرے میچ میں ان کا بیٹ مزید چمکا اور انہوں نے محض 40 گیندوں پر 111 رنز کی ناقابلِ یقین اننگز کھیل ڈالی۔ اس دوران انہوں نے 6 چوکے اور 11 چھکے لگائے۔
مسٹر 360 کے نام سے مشہور ڈی ویلیئرز نے 2018 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی، تاہم ان کی جارحانہ بیٹنگ اور میدان کے چاروں جانب شاٹس کھیلنے کی صلاحیت آج بھی برقرار ہے۔
وہ جنوبی افریقا کی جانب سے 114 ٹیسٹ، 228 ون ڈے انٹرنیشنل اور 78 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔
مسلسل دو فتوحات حاصل کرنے والی جنوبی افریقی چیمپئنز ٹیم کا اگلا مقابلہ ہفتے کو شارجہ میں بھارت چیمپئنز سے ہوگا۔








