شدید موسمی صورتحال اور بارشوں کے باعث بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی جانب سے ریسکیو اور ریلیف آپریشن بلا تعطل جاری ہے۔
ایف سی کے جوانوں نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے متاثرہ علاقوں میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے متعدد خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
امدادی سرگرمیوں کے دوران متاثرین میں خوراک، صاف پانی، ادویات اور دیگر ضروری امدادی سامان تقسیم کیا گیا، جبکہ طبی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی تاکہ سیلاب سے متاثرہ افراد کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ایف سی بلوچستان کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں عوام کی جان و مال کے تحفظ، ریسکیو سرگرمیوں اور امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔








