کراچی: بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے ستمبر 2026 کے دوران 3 ارب 59 کروڑ ڈالر وطن بھیجے، ترسیلاتِ زر میں ماہانہ بنیادوں پر معمولی کمی جبکہ سالانہ بنیادوں پر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار میں ستمبر میں موصول ہونے والی ترسیلاتِ زر اگست کے مقابلے میں 1.9 فیصد کم رہیں، تاہم گزشتہ سال ستمبر کے مقابلے میں ان میں 12.7 فیصد اضافہ ہوا۔
مرکزی بینک کے مطابق مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی، یعنی جولائی سے ستمبر کے دوران، بیرونِ ملک پاکستانیوں کی جانب سے مجموعی طور پر 10 ارب 87 کروڑ ڈالر بھیجے گئے۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں ترسیلاتِ زر میں 14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق ستمبر کے دوران سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 89 کروڑ 91 لاکھ ڈالر وطن بھیجے، جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 19.7 فیصد زیادہ ہیں۔
اسی طرح متحدہ عرب امارات سے پاکستان کو 74 کروڑ 85 لاکھ ڈالر کی ترسیلاتِ زر موصول ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق بیرونِ ملک پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی رقوم ملکی معیشت کے لیے زرمبادلہ کا ایک اہم ذریعہ ہیں، جو بیرونی ادائیگیوں اور زرِ مبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔








