خیبرپختونخوا میں مسلسل بارشوں اور اچانک آنے والے فلش فلڈز نے مختلف اضلاع میں تباہی مچا دی، جہاں گزشتہ پانچ روز کے دوران پیش آنے والے مختلف حادثات میں 22 افراد جاں بحق جبکہ 23 افراد زخمی ہو گئے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 19 جولائی سے اب تک جاں بحق ہونے والوں میں 9 مرد، 10 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 11 مرد، 5 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں اور فلش فلڈز کے باعث 37 مکانات متاثر ہوئے، جن میں 29 گھروں کو جزوی جبکہ 8 گھروں کو مکمل طور پر نقصان پہنچا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ متاثرہ اضلاع میں پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، لوئر چترال، لوئر و اپر دیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، ٹانک، تورغر، کرم، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ متاثرین تک امدادی سامان کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ضلعی حکام کو امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت صوبے کے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح معمول کے مطابق ہے، تاہم بارشوں کا سلسلہ آج بھی وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے والے سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور حکومتی اداروں کی جانب سے جاری الرٹس اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال، موسمی معلومات یا مدد کے لیے شہری فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔








