LogoWednesday, April, 8, 2026

News Point – Latest Urdu News from Pakistan & World

پاکستان کی میزبانی میں چار فریقی وزرائے خارجہ اجلاس ، جنگ بندی سے متعلق تجاویز پر غور

پاکستان کی میزبانی میں چار فریقی وزرائے خارجہ اجلاس ، جنگ بندی سے متعلق تجاویز پر غور

ویب ڈیسک

29-Mar-2026
|

خاص خبریں

پاکستان کی میزبانی میں چار فریقی وزرائے خارجہ اجلاس ، جنگ بندی سے متعلق تجاویز پر غور

اسلام آباد: مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی میزبانی میں آج اسلام آباد میں اہم بیٹھک ہوئی جس میں پاکستان، سعودی عرب، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وزرائے خارجہ کا استقبال کیا، اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی وزیر خارجہ خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد کے نور خان ائیر بیس پہنچے۔

سعودی وزیر خارجہ فرحان بن فیصل کا دورہ مشرق وسطیٰ میں جاری حالیہ کشیدگی کے پیش نظر انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

تینوں وزرائے خارجہ کی آمد کے بعد چاروں وزارئے خارجہ کی اہم بیٹھک ہوئی جس میں مشرق وسطی میں جنگ بندی اور قیام امن کے حوالے سے اہم گفتگو ہوئی اور مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ مذاکرات کا پہلا راؤنڈ ختم ہوگیا اگلا راؤنڈ جلد ہوگا جس میں دی گئی تجاویز پر پیش رفت سے ایک دوسرے کو آگاہ کیا جائے گا۔

قبل ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے دفتر خارجہ میں جمہوریہ ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فدان اور مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں خطے کی کشیدہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر اہم مشاورت کی۔

ترک وزیر خارجہ ہاکان فدان سے ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور مضبوط تعلقات کو اجاگر کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے روابط مشترکہ تاریخ، ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، انہوں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

پاک ترک وزرائے خارجہ نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا، اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے فریقین نے ایران کی موجودہ صورتحال سمیت دیگر اہم پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور مسلسل سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا، قریبی رابطے برقرار رکھنے اور دوطرفہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔

نمایاں خبریں