مظفرآباد: آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ سروس کی مرحلہ وار بحالی کا عمل شروع کردیا گیا ہے، محکمہ داخلہ نے مختلف اضلاع میں محدود پیمانے پر انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کا اعلان کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کے نوٹیفکیشن میں ضلع نیلم میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال کردی گئی ہے، جبکہ حویلی کہوٹہ، میرپور اور بھمبر میں بھی ڈی ایس ایل سروس بحال کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جہلم ویلی، باغ، دھیرکوٹ اور کوٹلی میں فی الحال صرف تعلیمی اداروں اور بینکوں کو ڈی ایس ایل سروس فراہم کی جائے گی۔ ان اداروں کو وائٹ لسٹڈ ڈی ایس ایل کنکشن دیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق وائٹ لسٹ میں شامل کیے جانے والے اداروں کے سربراہان کو حلف نامہ جمع کرانا ہوگا، جس میں اس بات کی ضمانت دینا ہوگی کہ انٹرنیٹ کنکشن کو قومی سلامتی کے خلاف کسی سرگرمی کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔
محکمہ داخلہ کے مطابق انٹرنیٹ کی بحالی کا عمل مرحلہ وار جاری رکھا جائے گا، تاہم پونچھ ڈویژن کے اضلاع راولاکوٹ اور سدھنوتی میں انٹرنیٹ سروس تاحال معطل رہے گی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے لیے سیکیورٹی صورتحال اور دیگر متعلقہ عوامل کو مدنظر رکھا جائے گا۔








