پاکستان اور ویٹیکن نے بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام، پُرامن بقائے باہمی اور سفارتی تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ہولی سی کے سیکرٹری برائے تعلقاتِ ریاست آرچ بشپ پال رچرڈ گلاگر کے درمیان ملاقات میں علاقائی و عالمی امن، بین المذاہب مکالمے اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرچ بشپ پاکستان اور ہولی سی کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے سلسلے میں پاکستان کے دورے پر ہیں۔
اسحاق ڈار نے امن و مکالمے کے فروغ میں ہولی سی کے کردار اور پاکستانی کیتھولک برادری کی تعلیم و صحت کے شعبوں میں خدمات کو سراہا۔ آرچ بشپ پال رچرڈ گلاگر نے بھی علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔
ملاقات میں فلسطین کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل اور انسانی بحران کے خاتمے کے لیے عالمی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔








