ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے پاکستان کے اعلیٰ حکام کے حالیہ دورۂ ایران کو مثبت اور تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک نے باہمی تعلقات مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکندر مومنی کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی صدر سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئیں۔
ایرانی وزیر داخلہ کے مطابق ملاقاتوں میں پاکستان اور ایران کے دیرینہ دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون کے فروغ اور مختلف شعبوں میں روابط مزید بڑھانے کی اہمیت پر گفتگو ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ دونوں جانب سے باہمی تعاون کو وسعت دینے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی پیر کی رات تہران سے واپس روانہ ہوئے۔ دورے کے دوران پاکستانی حکام نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، وزیر داخلہ اور دیگر اعلیٰ ایرانی عہدیداروں سے اہم ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ خطے کی مجموعی صورتحال اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔
پاکستان اور ایران کے درمیان مذہبی، ثقافتی، تجارتی اور سرحدی روابط طویل عرصے سے قائم ہیں، جبکہ سرحدی سکیورٹی، تجارت، توانائی اور علاقائی صورتحال دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں اہمیت رکھتے ہیں۔
حالیہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطوں کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔
ایرانی وزیر داخلہ کی جانب سے پاکستانی وفد کے دورے کو مثبت قرار دینا دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں اور باہمی تعاون کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔








