لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں تقریباً 99 فیصد نکات پر اتفاق ہوچکا تھا اور معاہدے کا مسودہ بھی تیار کرلیا گیا تھا، تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے آخری مرحلے میں مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خلوص نیت سے مذاکرات کیے۔
ان کے مطابق تیار کیے گئے معاہدے کا مسودہ صدر مملکت کو دکھایا گیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کو بھی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔
وزیر داخلہ کے مطابق مذاکرات کے دوران مسودہ چار مرتبہ تیار اور تبدیل ہوا، تاہم فائنل مرحلے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے اسے تسلیم کرنے سے انکار کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ اگر تمام فیصلے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ہی کرنے تھے تو انہیں خود مذاکرات میں شریک ہونا چاہیے تھا۔
ان کے بقول حکومت کی بنیادی ترجیح خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف مؤثر تعاون اور سکیورٹی معاملات پر اتفاق رائے تھا۔








