کوئٹہ: آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی متعدد انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں 15 خوارج ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ، بولان، واشک، آواران، سبی، خضدار، ہرنائی اور نوشکی میں خوارج کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، جن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
کارروائیوں کے دوران 15 خوارج ہلاک ہوئے جبکہ ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں ان کی نقل و حرکت بھی محدود کردی گئی ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے 15 خوارج کو ہلاک کرنے پر جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائیوں کے ذریعے فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج کے مذموم عزائم ناکام بنائے ہیں، دہشت گردی کے خلاف برسرپیکار بہادر جوان پوری قوم کا فخر ہیں۔
وزیر داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم کی حمایت سے بلوچستان سے دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔








