پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع کے حل کی کوششوں کے سلسلے میں پہلے سے طے شدہ مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) کی بحالی کے لیے مذاکرات شروع کردیئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز ملاقات ہوئی۔
محسن نقوی کے مطابق ملاقات میں ایران امریکا تنازع، مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی، آئندہ کے لائحہ عمل اور اسلام آباد ایم او یو کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایم او یو کی بحالی کا مقصد جاری تنازع کے جامع حل کی راہ ہموار کرنا ہے، جبکہ ایرانی صدر نے اپنی حکومت کا مؤقف اور تحفظات کھل کر بیان کیے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران متعلقہ امور پر تعمیری گفتگو ہوئی اور اہم پیش رفت سامنے آئی۔ اجلاس انتہائی مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔
محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ حالیہ پیش رفت خطے میں مزید سفارتی پیش رفت اور پائیدار امن کے قیام کی راہ ہموار کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔








