ماں محبت، دعا اور قربانی کی سب سے خوبصورت مثال

منور شاہین
کالم|فیچر

ماں ایک ایسا رشتہ ہے جو محبت، قربانی، دعا اور شفقت کی سب سے خوبصورت مثال ہے
( فرمان نبوی ہے کہ ماں کے قدموں تلے جنت ہے )
دنیا بھر میں ہر سال 10 مئی کو ماؤں کا عالمی دن انتہائی عقیدت، محبت اور احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔
یہ دن صرف ایک رسمی جشن نہیں ہے، بلکہ یہ ایک اہم موقع ہے جس پر ہم اپنی ماؤں کے بے لوث، قربانیوں سے بھرپور اور دعاؤں سے معمور محبت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ماں کا رشتہ نہ صرف زندگی کی سب سے بڑی حقیقت ہے بلکہ یہ انسانیت کے انمول اور بے مثال رشتہ کی علامت بھی ہے-
ماؤں کا عالمی دن اس عظیم ہستی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے جو اپنی محبت میں بے شمار قربانیاں دیتی ہے اور اولاد کی پرورش میں اپنی زندگی کا بیش تر حصہ گزار دیتی ہے-
ماں وہ مقدس شخصیت ہے جس کی محبت ہر دکھ کو کم کرتی ہے اور جو اپنی اولاد کے لیے ہر حال میں دعائیں کرتی ہے۔ اس کا وجود انسان کی زندگی کو ایک نیا رنگ دیتا ہے، اور اس کی ہنسی اور دعائیں ایک سکون کا باعث بن جاتی ہیں۔
اسلام میں ماں کا مقام بہت بلند ہے، نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: "جنت ماں کے قدموں تلے ہے"، یہ الفاظ ماں کی عظمت کا اعلان کرتے ہیں اور ہمیں یہ سبق دیتے ہیں کہ ماں کی خدمت اور اطاعت دراصل دنیا و آخرت کی کامیابی کی ضمانت ہے-
ماں کی محبت بے مثال ہوتی ہے، جس کا کوئی نعم البدل نہیں ہے وہ اپنی اولاد کی خوشی کے لیے اپنی تمام خواہشات کو قربان کر دیتی ہے، وہ اپنی نیندیں قربان کر کے بچوں کی دیکھ بھال کرتی ہے، اور اس کی گود میں پلنے والا بچہ مستقبل میں قوم کا سرمایہ بن جاتا ہے-
ماں کی محبت میں کوئی لالچ نہیں ہوتی، یہ صرف اور صرف اولاد کی فلاح کے لیے ہوتی ہے۔ اس کا دل ہمیشہ اپنی اولاد کی کامیابیوں اور خوشیوں میں خوش ہوتا ہے، اگرچہ ماں کا کردار بچوں کی ابتدائی تربیت میں انتہائی اہم ہوتا ہے-
موجودہ دور کی تیز رفتار زندگی میں اس رشتہ کی قدر کم ہوتی جارہی ہے، لوگ اتنے مصروف ہوچکے ہیں کہ وہ اپنے والدین، خاص طور پر اپنی ماؤں کی خدمت کو نظرانداز کر دیتے ہیں۔
بعض اوقات وہ ماں کو بڑھاپے میں تنہا چھوڑ دیتے ہیں یا اولڈ ہاؤسز میں بھیج دیتے ہیں، جو کہ ایک انتہائی افسوسناک حقیقت بن چکا ہے، اس سے نہ صرف ہماری اخلاقی اقدار کمزور ہوتی ہیں، بلکہ یہ ہمارے دینی اور سماجی اصولوں کے بھی خلاف ہے-
ماں کا عالمی دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ ماں کے لیے محبت صرف ایک دن کی مبارکباد تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ یہ محبت ہر دن اور ہر لمحہ ہمارے دلوں میں ہونی چاہیے۔
ماں کی خدمت اور عزت ہر انسان کا فرض ہے، کیونکہ ماں کی خوشی میں گھر کی برکت ہے، ماں کی دعاؤں میں کامیابی ہے، اور ماں کے دل میں سکون میں زندگی کا اصل سکون پوشیدہ ہے-
اس دن کو محض ایک دن کی تقریب کے طور پر نہیں بلکہ ایک عہد کے طور پر یاد رکھنا چاہیے کہ ہم اپنی ماؤں کے لیے ہمیشہ محبت، عزت اور خدمت کا اہتمام کریں گے-
ماں کی تربیت ایک نسل کی تربیت کرتی ہے۔ ماں ہی وہ شخصیت ہے جو اپنے بچے کو نہ صرف زندگی گزارنے کے آداب سکھاتی ہے بلکہ اس کی اخلاقی اور دینی بنیادوں کو بھی مضبوط کرتی ہے۔
ماں اپنے بچے کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار رہتی ہے اور اپنی زندگی کی خوشیوں کو اس کے لیے قربان کر دیتی ہے۔
اس کا پیار اور قربانی وہ طاقت ہے جو بچوں کو بلند حوصلہ اور مثبت سمت دیتی ہے۔ اس کے دعاؤں کا اثر ہمیشہ اولاد کی زندگی پر پڑتا ہے، ماں کی دعاؤں اور محبت کے بغیر زندگی کا تصور ممکن نہیں۔
ماؤں کا عالمی دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم اپنے والدین کی خدمت کریں، خاص طور پر اپنی ماں کی عزت اور محبت کا خیال رکھیں۔
اگر ہماری ماں اس دنیا میں موجود نہیں ہے، تو ہمیں اس کے لیے دعا اور صدقہ دے کر اس کے درجات بلند کرنے کی کوشش کرنی چاہیے-
یاد رکھیں، ماں کا رشتہ وہ عظیم رشتہ ہے جس کا نعم البدل دنیا میں کہیں نہیں، ماں کے بغیر زندگی ادھوری اور بے رنگ ہے-
میری اپنی ماں 27 دسمبر 2007 کو سانگھڑ کے تعلقہ ٹنڈوآدم میں اس دنیا سے رخصت ہوئیں، اور اس کے بعد میں اپنی ماں جیسی ہستی سے محروم ہو گیا۔
میری زندگی کا وہ دروازہ ہمیشہ کے لیے بند ہوگیا، جو صرف ماں کے ہاتھوں سے کھلتا تھا، میں اس وقت کو یاد کرتا ہوں جب وہ میرے لیے دعائیں کرتی اور میرے چہرے پر مسکراہٹ دیکھ کر سکون محسوس کرتی تھیں
( لوگ اکثر پوچھتے ہیں کیا ماں کے بغیر گھر میں سکون ملتا ہے اور میرا ایک ہی جواب ہوتا ہے پگلے ماں کے بغیر گھر میں کھانا نہیں ملتا تو سکون کہاں سے ملے گا)
اللہ تعالیٰ تمام ماؤں کو صحت، خوشی اور سلامتی عطا فرمائے، اور جن ماؤں نے دنیا کو چھوڑا ہے، اللہ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین۔
ماں کا عالمی دن دراصل ایک موقع ہے جب ہم اپنی ماؤں کی قربانیوں، محبتوں اور دعاؤں کا شکر گزار ہوں، اور ان کے رشتہ کی اہمیت کو سمجھیں۔
یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ماں کا رشتہ ہمیشہ کے لیے ہمارے دلوں میں محفوظ رہے گا، اور ہم اپنی ماؤں کی خدمت اور عزت میں کبھی کمی نہیں آنے دیں گے-
ماں ایک ایسا رشتہ ہے جو محبت، قربانی، دعا اور شفقت کی سب سے خوبصورت مثال ہے، مدر زڈے کے موقع پر دنیا کی تمام ماؤں کو سلام، جن کی دعاؤں اور تربیت سے ہماری زندگیاں روشن ہیں، اللہ پاک ہر ماں کو صحت، خوشی اور لمبی عمر عطا فرمائے، اور جو مائیں اس دنیا میں نہیں رہیں اُن کی مغفرت فرمائے ،،،آمین ،،،
نیوز پوائنٹ پر شائع ہونے والے مضامین کا کالم نگار کی رائے کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔(ادارہ)
نمایاں خبریں
قوم کی قسمت آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی!!

ریاستی اداروں میں مکمل یکسوئی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے، وزیر اطلاعات

پاکستان کے نئے بجٹ کی تیاری، آئی ایم ایف کے ساتھ مشاورت میں تیزی

حکومت کا آئندہ بجٹ سے متعلق نواز شریف کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا دہشت گردوں کے حوالے، صوبے میں حکومتی رٹ نہیں،لوگ گھروں میں محصور ہیں، سینیٹر عطا الرحمن

Automate. Scale. Grow with Webrix.
Helping businesses grow digitally