سندھ کے وزیرِ محنت سعید غنی نے کراچی کے علاقے کورنگی میں شہید بے نظیر بھٹو کرکٹ گراؤنڈ، ماڈل پارک اور ایک سڑک کا افتتاح کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کراچی میں میگا پراجیکٹس سمیت شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں کو مضبوط کیا ہے اور یونین کمیٹیوں کے لیے مختص رقم 5 لاکھ سے بڑھا کر 12 لاکھ روپے کردی گئی ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں پارکس اور سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبے بھی جاری ہیں۔
سعید غنی کے مطابق کراچی میں کلک پروگرام کے تحت 132 بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جبکہ بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی خصوصی توجہ کراچی کی ترقی پر مرکوز ہے۔








