کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کامن ویلتھ گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتنے پر قومی باکسر فاطمہ زہرا کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی شاندار کامیابی پر گہرے فخر کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ فاطمہ زہرا نے انٹرنیشنل سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاطمہ زہرا جیسی باصلاحیت اور محنتی کھلاڑی قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں کی عالمی سطح پر کامیابیاں ملک کے لیے باعثِ فخر ہیں، حکومت باصلاحیت نوجوانوں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے فاطمہ زہرا کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے وہ مستقبل میں بھی اپنی بہترین کارکردگی کے ذریعے ملک و قوم کا نام مزید روشن کریں گی۔








