امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی اور اضافی ٹیکسوں کا بوجھ عوام پر ڈالنا قابل قبول نہیں، حکومت پٹرولیم لیوی ختم کرے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی کے پٹرولیم لیوی اور اضافی ٹیکسوں کے خلاف ٹرین مارچ کے رحیم یار خان پہنچنے پر کارکنوں نے حافظ نعیم الرحمان اور مارچ کے شرکا کا استقبال کیا۔ ریلوے اسٹیشن پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا احتجاج پرامن ہے اور پرامن ہی رہے گا۔
حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا کہ عوام پہلے ہی اضافی ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، جبکہ پٹرولیم لیوی کی مد میں بھی بھاری رقم وصول کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی مہنگائی اور اضافی ٹیکسوں کے خلاف عوام کی آواز بن کر احتجاج کر رہی ہے۔
بعدازاں حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں احتجاجی قافلہ رحیم یار خان سے خان پور پہنچا، جہاں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پٹرولیم لیوی کو ’’جگا ٹیکس‘‘ قرار دیتے ہوئے اسے ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جب تک پٹرولیم لیوی ختم نہیں کی جاتی، احتجاج جاری رہے گا اور جماعت اسلامی اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔








