میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم چاہتی ہے کراچی کو الگ کردیا جائے تاکہ شہر کے وسائل اور زمینوں پر من پسند طریقے سے فیصلے کیے جاسکیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق گارڈن پمپنگ اسٹیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ایم کیو ایم نے طویل عرصے تک کراچی میں اقتدار کے باوجود شہر کو مسائل سے نکالنے کے بجائے لسانیت، خوف اور انتشار کی سیاست کو فروغ دیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام تعصب نہیں بلکہ تعمیر چاہتے ہیں، اب شہر کو تقسیم کرنے کی سیاست ختم ہوچکی ہے۔
میئر کراچی نے جماعت اسلامی کے احتجاج پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس کے مطالبات وفاق سے متعلق ہیں تو احتجاج اسلام آباد میں کیا جائے، کراچی کی سڑکیں بند کرکے شہریوں کو مشکلات میں نہ ڈالا جائے۔
مرتضیٰ وہاب نے گارڈن پمپنگ اسٹیشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ 2005 میں تعمیر ہوا تھا، تاہم اس وقت بھی جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم اقتدار میں تھیں لیکن پمپنگ اسٹیشن کو فعال نہیں کیا جاسکا۔








