ایران نے امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کی جانب سے اعلان کردہ بڑے اقتصادی دباؤ کی مہم مسترد کرتے ہوئے واشنگٹن کے فوجی کامیابی کے دعووں کو چیلنج کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا کہ امریکا ایک طرف دعویٰ کر رہا ہے کہ ایران کی فوجی صلاحیتیں شدید متاثر ہوچکی ہیں، فوجی فیکٹریاں تباہ کردی گئی ہیں اور جوہری پروگرام ختم کردیا گیا ہے، تو دوسری جانب ایران کے خلاف تاریخ کی بڑی مالی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا جا رہا ہے۔
کاظم غریب آبادی نے امریکی مؤقف پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر ایران کی فوجی اور جوہری صلاحیتیں واقعی مکمل طور پر ختم کردی گئی ہیں تو پھر واشنگٹن کو اتنے بڑے پیمانے پر اقتصادی دباؤ اور پابندیوں کی ضرورت کیوں پیش آرہی ہے؟
انہوں نے طنزیہ انداز میں سوال کیا کہ کیا یہ امریکی فتح ہے یا شکست کا اعتراف؟
ایرانی نائب وزیر خارجہ کے مطابق امریکا کی نئی اقتصادی مہم دراصل جنگ کے ایک نئے مرحلے کی نشاندہی کرتی ہے، جبکہ تہران امریکی پابندیوں اور مالی دباؤ کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے دستیاب ذرائع استعمال کرے گا۔








