بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے 9 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مستونگ کے علاقے کنک وادی میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے سیکیورٹی چوکی پر حملے کی کوشش کی، تاہم فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
رپورٹ کے مطابق کارروائی کے دوران فرار ہونے والے دہشتگردوں کا سیکیورٹی فورسز نے تعاقب کیا اور مزید 7 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جس کے بعد ہلاک دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے 3 موٹرسائیکلیں، بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کا ایک جوان زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور علاقے سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رکھے جائیں گے۔








