جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین میں واضح ہے کہ قرآن و سنت کے منافی قانون سازی نہیں کی جاسکتی، اگر حکمران آئین پر عمل نہیں کرتے تو یہ ان کی کوتاہی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ان کے اکابرین نے سیاسی جدوجہد کی تعلیم دی اور آج بھی ان اصولوں پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی دفاعی طاقت ریاست کی ضرورت ہے اور جے یو آئی پاکستان کی مضبوط دفاعی قوت کی حامی ہے۔
اس موقع پر جے یو آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل عبدالغفور حیدری نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حالات برصغیر کے ماضی سے مختلف نہیں، جبکہ جے یو آئی کی آواز دبانے کے لیے مختلف حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔
عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ ایسے افراد کو جے یو آئی کے مقابل لایا جاتا ہے جو ان کے بقول کونسلر کی نشست تک جیتنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔








