کراچی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ فیول ریلیف پیکیج مستقل حل نہیں، حکومت پٹرولیم لیوی ختم کرکے عوام کو حقیقی ریلیف دے۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ موجودہ ریلیف پیکیج محدود طبقے تک ہے، جبکہ عوام کی بڑی تعداد بالخصوص پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والے اس سے محروم ہیں۔ حکومت ماہانہ اربوں روپے ریلیف کا اعلان کرتی ہے، لیکن پٹرولیم لیوی کی مد میں اس سے کہیں زیادہ رقم وصول کی جارہی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں پٹرولیم لیوی کے معاملے پر وطن واپسی کے بعد غور کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، اب وعدہ پورا کیا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو جماعت اسلامی ملتان سے کسی بھی وقت دوبارہ احتجاج شروع کرسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 7 اکتوبر تک غزہ کے معاملے پر توجہ مرکوز ہے، اس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔








